پشاور میں خیبر پختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے صوبے بھر کے نجی اسکولوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ دو ماہ تک جمعہ اور ہفتہ کو تعطیل رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق صوبے کے تمام نجی تعلیمی ادارے دو ماہ کے لئے جمعہ اور ہفتہ کو بند رہیں گے، اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام توانائی کے بہتر استعمال اور ایندھن کی بچت کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اسکول بند رکھنے کا فیصلہ فیول کنزرویشن اینڈ رسپانس انیشیٹیو کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد صوبے میں ایندھن کے استعمال کو کم کرنا اور توانائی کے وسائل کو مؤثر انداز میں محفوظ بنانا ہے۔
لاہور تعلیمی بورڈ نے میٹرک امتحانات 2026 کی رول نمبر سلپیں آن لائن جاری کر دیں
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق صوبے کے تمام رجسٹرڈ نجی اسکولوں پر ہوگا اور اداروں کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق اس اقدام سے توانائی کی بچت کے ساتھ ساتھ طلبہ اور اساتذہ کو اضافی آرام کا موقع بھی میسر آئے گا۔
