شانگلہ میں آسمانی بجلی گرنے کے افسوسناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں تیز بارش اور گرج چمک کے دوران اچانک آسمانی بجلی ایک گھر کے قریب آ گری۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں میاں، بیوی اور ان کا کمسن بچہ شامل ہیں۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں، تاہم تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد انہیں ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و سوگ کی فضا قائم ہو گئی جبکہ اہل خانہ اور مقامی افراد صدمے میں ہیں۔
مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
