انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کرتے ہوئے انہیں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ بھی دے دیا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ارشدیپ سنگھ کو ضابطہ اخلاق کی لیول ون شق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا۔ انہوں نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.9 کی خلاف ورزی کی، جو کسی کھلاڑی کی جانب سے گیند یا کرکٹ سامان کو غیر مناسب یا خطرناک انداز میں کسی کھلاڑی کی طرف پھینکنے سے متعلق ہے۔
جسپریت بمراہ کو سلو بال کرنا کس پاکستانی نژاد بولر نے سکھایا؟تہلکہ خیز دعویٰ
یہ واقعہ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل کے دوران پیش آیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کر رہی تھی اور میچ کے 11ویں اوور میں ارشدیپ سنگھ نے اپنی فالو تھرو پر گیند فیلڈ کی اور وکٹوں کی جانب پھینک دی۔
گیند وکٹوں کے بجائے نیوزی لینڈ کے بلے باز ڈیرل مچل کی ٹانگوں پر جا لگی، جس پر مچل نے ارشدیپ سنگھ کی جانب بڑھ کر ان سے بات کرنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر بھارتی کپتان سوریہ کمار یادیو نے مداخلت کرتے ہوئے صورتحال کو سنبھالا جبکہ آن فیلڈ امپائر رچرڈ ایلنگ ورتھ نے بھی ارشدیپ سے مختصر گفتگو کی۔
بعد ازاں اوور کے اختتام پر ارشدیپ سنگھ نے ڈیرل مچل سے معذرت کرلی۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ارشدیپ سنگھ کا کہنا تھا کہ ان کا کسی کو نشانہ بنانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
ورلڈ کپ جیتنے پر بھارتی بورڈ نے ٹیم کیلئے کتنی انعامی رقم کا اعلان کیا؟
انہوں نے کہا کہ گیند ان کے ہاتھ سے الٹی سمت میں گھوم گئی جس کے باعث وہ ڈیرل مچل کو لگ گئی، اسی لیے انہوں نے فوری طور پر ان سے معافی مانگی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ ارشدیپ سنگھ نے دوبارہ مچل سے معذرت کی جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے مصافحہ کیا۔
آئی سی سی کے مطابق یہ گزشتہ 24 ماہ کے دوران ارشدیپ سنگھ کی پہلی خلاف ورزی ہے۔ لیول ون کی خلاف ورزی پر کھلاڑی کو سرزنش سے لے کر میچ فیس کے 50 فیصد تک جرمانہ اور ایک یا دو ڈیمیرٹ پوائنٹس دیے جا سکتے ہیں۔
