ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شاندار کامیابی کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھارتی کرکٹ ٹیم کیلئے 131 کروڑ بھارتی روپے انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔
بورڈ کے سیکریٹری دیواجیت سائکیا نے منگل کو اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ انعام ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کی غیر معمولی کارکردگی کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔
بھارت نے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ یہ مقابلہ نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق اس کامیابی کے ساتھ بھارت ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کی تاریخ میں مسلسل دو بار ٹائٹل جیتنے والی پہلی ٹیم بن گیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر تین مرتبہ یہ عالمی اعزاز اپنے نام کرنے والی بھی پہلی ٹیم بن چکا ہے۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے بھی فاتح ٹیم کو 2.34 ملین ڈالر (21 کروڑ بھارتی روپے سے زائد) جبکہ رنر اپ نیوزی لینڈ کو 1.17 ملین ڈالر (10 کروڑ بھارتی روپے سے زائد) انعامی رقم دی گئی۔
