پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ کے لئے آج فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی ہو رہی ہے۔
اسلام آباد میں 5جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ نیلامی کے عمل میں 3 بڈرز اور 6 اسپیکٹرم بینڈز شامل ہیں۔اس نیلامی میں چھ فریکوئنسی بینڈز میں اسپیکٹرم پیش کیا جائے گا جس میں مجموعی طور پر 597.2میگا ہرٹز دستیاب ہوگا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے تحت جاری 5جی اسپیکٹرم آکشن کا پہلا راؤنڈ مکمل ہو گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق پہلے راؤنڈ میں دستیاب 6 بینڈز میں سے 2 بینڈز کے لیے بولی لگائی گئی جبکہ تینوں ٹیلی کام کمپنیوں نے اس عمل میں حصہ لیا۔ ڈی جی پی ٹی اے عامر شہزاد کے مطابق پہلے راؤنڈ میں 2600 میگا ہرٹز بینڈ میں 190 میگا ہرٹز اسپیکٹرم دستیاب تھا۔
پی ٹی اے کے مطابق 2600 میگا ہرٹز بینڈ میں 19 لاٹس کے مقابلے میں 30 بولیاں موصول ہوئیں جبکہ اس بینڈ میں 11 لاٹس کی اضافی بولیاں بھی آئیں۔ اضافی بولیوں کی وجہ سے اس بینڈ کی نئی قیمت مقرر کی جائے گی۔
ادھر 3500 میگا ہرٹز بینڈ میں 280 میگا ہرٹز اسپیکٹرم دستیاب تھا جہاں 28 لاٹس پیش کی گئیں تاہم اس میں سے 20 لاٹس کے لیے بولی دی گئی۔ آکشن کا دوسرا راؤنڈ آدھے گھنٹے پر مشتمل ہوگا۔
ان میں سے چار بینڈز پہلی بار متعارف کروائے جا رہے ہیں تاکہ ملک میں فائیو جی سروسز کے آغاز میں مدد مل سکے۔ جاز، زونگ اور یوفون پہلے ہی بیعانہ کے طور پر پندرہ، پندرہ ملین ڈالرجمع کرا چکے ہیں جس سے مجموعی رقم پینتالیس ملین ڈالرہوگئی ہے۔
چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمن کا کہنا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ کی فراہمی میں لوڈ شیڈنگ ایک بڑی رکاوٹ ہے، تاہم 5جی انٹرنیٹ سروس سے جدید اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ ان کے مطابق آج پاکستان میں 5جی انٹرنیٹ سروس کی نیلامی کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کے لیے آج کا دن بہت اہم ہے اور حکومت ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5جی انٹرنیٹ سروس کی نیلامی ہونے جا رہی ہے اور اس حوالے سے سابق وزیر آئی ٹی امین الحق کو بھی کریڈٹ دیا جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر توانائی بچت کے اقدامات بھی جاری ہیں جبکہ حکومت کا مقصد عوام کو سستا اور تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرنا ہے۔
اسمارٹ فون کی بیٹری تیزی سے ختم ہونے کی 4 بڑی وجوہات
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کے لیے آج کا دن انتہائی اہم ہے اور جدید انٹرنیٹ کی سہولت ہر شہری کی ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آج کی نیلامی کامیابی سے مکمل ہوگی۔
شزا فاطمہ کے مطابق جدید دور میں آئی ٹی کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے اور 4جی سے 5جی سروس کا باقاعدہ آغاز ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار 5جی متعارف ہو رہا ہے اور اس سے ملکی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔
