نیویارک: مقبول پیغام رسانی ایپ واٹس ایپ جلد ایک نیا اختیاری سبسکرپشن پلان متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔ جسے ممکنہ طور پر ‘واٹس ایپ پلس’ کہا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کو اضافی فیچرز اور ایپ کی مزید کسٹمائزیشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق واٹس ایپ کا یہ فیچر اس وقت اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے بیٹا ورژن میں زیر تیاری ہے۔ اور ابھی عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں۔ سبسکرپشن کے باوجود ایپ کی بنیادی سہولیات جیسے پیغامات بھیجنا، وائس اور ویڈیو کالز، میڈیا شیئرنگ اور پرائیویسی فیچرز بدستور مفت رہیں گے۔
اطلاعات کے مطابق ‘واٹس ایپ پلس’ کا مقصد صارفین کو مزید سہولت دینا اور ایپ کی ظاہری شکل میں تبدیلی کے زیادہ اختیارات فراہم کرنا ہے۔ اس سبسکرپشن کے تحت اہم فیچر چیٹس کو پن کرنے کی حد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
فی الحال صارفین زیادہ سے زیادہ تین چیٹس پن کر سکتے ہیں۔ تاہم نئے پلان میں اس حد کو بڑھا کر تقریباً 20 چیٹس تک کیا جا سکتا ہے۔ تاکہ اہم گفتگو آسانی سے اوپر رکھی جا سکے۔اس کے علاوہ سبسکرائبرز کو ایپ کے انٹرفیس میں تبدیلی کے مزید اختیارات بھی مل سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق صارفین 14 مختلف ایپ آئیکنز میں سے انتخاب کر سکیں گے۔ جبکہ انٹرفیس کے رنگ بھی تقریباً 19 مختلف آپشنز میں تبدیل کیے جا سکیں گے۔ جس سے ٹیبز، فلٹرز اور ایکشن بٹن جیسے عناصر کا رنگ بھی تبدیل ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: چینی کمپنی نے انوکھا اسمارٹ فون متعارف کرا دیا
کمپنی کی مالک میٹا پلیٹ فارمز نے ابھی تک اس سبسکرپشن کی قیمت یا باضابطہ آغاز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام کے لیے متعارف ہونے سے قبل ان فیچرز میں مزید تبدیلیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔
