ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بڑے فائنل سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر (Mitchell Santner) نے واضح کردیا ہے کہ اگر ٹرافی جیتنے کیلئے ہزاروں بھارتی شائقین کے دل بھی ٹوٹ جائیں تو انہیں اس پر کوئی افسوس نہیں ہوگا۔
اتوار کو احمد آباد کے اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ بھارت سے ہوگا، جہاں ایک لاکھ کے قریب شائقین کی موجودگی متوقع ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل :بھارتی کپتان کا کھلاڑیوں کو بے خوف کھیلنے کا مشورہ
فائنل سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مچل سینٹنر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم گزشتہ کئی برسوں سے آئی سی سی ایونٹس میں مسلسل فائنل تک پہنچ رہی ہے، تاہم اب تک ٹرافی جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 11 برسوں میں ٹیم نے پانچ مرتبہ آئی سی سی وائٹ بال ٹورنامنٹس کے فائنل کھیلے ہیں لیکن قسمت نے ساتھ نہیں دیا۔ سینٹنر کے مطابق اب ٹیم کی کوشش ہوگی کہ اس بار یہ سلسلہ ختم کیا جائے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی سب سے بڑی طاقت اس کی مستقل مزاجی ہے۔ کھلاڑی میدان میں کسی دباؤ یا حریف ٹیم کے نام سے مرعوب نہیں ہوتے بلکہ ایک یونٹ کی طرح اپنا کھیل پیش کرتے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ، فاتح ٹیم کو 3 ملین ، رنرز اپ کو 1.6 ملین ڈالر انعام ملے گا
انہوں نے اعتراف کیا کہ فائنل میں بھارت کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے، لیکن ان کی ٹیم کو اس بات سے کوئی پریشانی نہیں۔
مچل سینٹنر کے مطابق اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی بنیادی حکمت عملی پر عمل کرے اور اجتماعی کارکردگی دکھائے تو وہ بھارت کو سخت مقابلہ دے سکتی ہے اور ٹرافی جیتنے کا خواب بھی پورا ہوسکتا ہے۔
بھارتی ٹیم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کی بیٹنگ لائن بہت مضبوط ہے اور وہ ابتدا سے ہی جارحانہ کھیل پیش کرتی ہے۔
ان کے مطابق کسی بھی ٹیم کو روکنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ابتدائی اوورز میں وکٹیں حاصل کی جائیں۔ اگر وکٹیں نہ ملیں تو کم از کم رنز کی رفتار کو قابو میں رکھنا ضروری ہوتا ہے۔
سینٹنر نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اکثر میچ چند اہم لمحات پر فیصلہ کن ہوجاتے ہیں، اس لیے ٹیم کو ہر شعبے میں محتاط اور مستقل مزاج رہنا ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل سے قبل بھارتی ٹیم کی حرکت نے سب کو حیران کر دیا
ان کا کہنا تھا کہ احمد آباد کی پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہوسکتی ہے جہاں بلے باز آسانی سے شاٹس کھیل سکتے ہیں، اس لیے بولرز کو خاص حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔
نیوزی لینڈ کے اوپنرز Finn Allen اور Tim Seifert سیمی فائنل سمیت پورے ٹورنامنٹ میں ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کرچکے ہیں اور فائنل میں بھی ان سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔
