بولاوائیو: پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ایک روزہ میچ میں پہلی وکٹ کے لیے نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا جب کہ میزبان ٹیم کو 400 رنز کا ہدف دیا ہے۔
مجموعی طور پر پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر399 رنز بنائے جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے سب سے بڑا 385 رنز کا اسکور بنگلہ دیش کے خلاف بنایا تھا۔
زمبابوے کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنرز امام الحق اور فخر زمان کھیلنے آئے تو دونوں نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 304 رنز کی پارٹنرشپ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، اس سے قبل یہ اعزاز سری لنکا کے پاس تھا جس کے اوپنرز نے 2006 286 رنز بنائے تھے۔
42ویں اوور کی آخری گیند پر جب پاکستان کا مجموعی اسکور بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 304 تک پہنچا تو امام الحق 113 رنز بنا کر مساکانڈا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، اس وقت فخر زمان نے 130 گیندوں پر 169 رنز بنا لیے تھے۔
امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد فخرزمان نے اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 148 گیندوں پر 201 رنز بنا کر ایک روزہ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے جب کہ ون ڈے کرکٹ کی یہ ساتویں ڈبل سنچری ہے۔ فخر زمان کی اننگز میں 24 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے، اس سے پہلے یہ اعزاز سعید انور کے پاس تھا جنہوں نے 21 مئی1997 کو بھارت کے خلاف 194 رنز بنائے تھے۔
پاکستانی ٹیم پہلے ہی سیریز میں تین صفر کی برتری حاصل کرچکا ہے جب کہ تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے زمبابوے کو نو وکٹوں سے شکست دی تھی۔
