جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران طلبہ کی سہولت کے پیش نظر صبح کی کلاسز آن لائن کرانے کا فیصلہ کیا ہے، باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کی منظوری وائس چانسلر نے دی۔
اعلامیے کے مطابق 9 مارچ سے رمضان المبارک کے اختتام تک جامعہ کراچی کی تمام مارننگ کلاسزآن لائن منعقد کی جائیں گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد طلبہ کو درپیش ممکنہ سفری مشکلات کو کم کرنا اور انہیں تعلیمی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

یونیورسٹی حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر طلبہ کو ریلیف دینے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
یومِ حضرت علیؓ پر سندھ بھر کے تعلیمی ادارے بند رہیں گے
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ رمضان کے تیسرے عشرے میں طلبہ کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے صبح کی کلاسز آن لائن کرانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ وہ روزے اور دیگر مذہبی مصروفیات کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیاں بھی باآسانی جاری رکھ سکیں۔
جامعہ کراچی کے حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن کلاسز کے دوران تدریسی عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا اور اساتذہ طلبہ کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے لیکچرز اور تعلیمی مواد فراہم کریں گے۔
