بھارتی گلوکار و ریپر بادشاہ کے حالیہ گانے کی ریلیز کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار نے حال ہی میں ہریانوی طرز کا نیا گانا تاتیری (Tatiri) جاری کیا، جس کے بعد یہ گانا تنازع کی زد میں آ گیا۔ مقامی شہریوں کی جانب سے شکایت درج کرائے جانے پر پنچکولہ کے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں گلوکار کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ڈوین جانسن کی افطار تقریب میں شرکت، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گانے کے بعض بول اور ویڈیو میں دکھائے گئے مناظر معاشرتی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتے اور ان کا نوجوانوں پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ ناقدین کے مطابق ویڈیو میں اسکول یونیفارم میں لڑکیوں کے مناظر اور چند الفاظ کو قابلِ اعتراض قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام نے اس معاملے کی تحقیقات بھارتی تعزیراتِ ہند کی دفعہ 296 کے ساتھ ساتھ خواتین کی نازیبا نمائندگی سے متعلق قانون 1986 کی دفعات 3 اور 4 کے تحت شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب ہریانہ اسٹیٹ ویمن کمیشن نے بھی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے گلوکار کو وضاحت کے لیے طلب کر لیا ہے۔ شکایت کنندگان کا کہنا ہے کہ گانے کے کچھ حصے خواتین اور کم عمر لڑکیوں کی تضحیک کے مترادف ہیں، جس سے معاشرے میں نامناسب پیغام جا سکتا ہے۔
مذاق ہی مذاق میں معروف ٹک ٹاکر قتل؛ ویڈیو وائرل
یہ گانا یکم مارچ 2026 کو ریلیز کیا گیا تھا جس میں گلوکارہ سمرن جگلان بھی شریک ہیں۔ گانے کی موسیقی ہیتن نے ترتیب دی جبکہ میوزک ویڈیو کی ہدایت کاری ماہی سندھو اور جوبن سندھو نے کی ہے۔
