انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے 47 اشتہاری ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 9 مئی جی ایچ کیو کیس کا فیصلہ جاری کیا ، عدالت نے47 اشتہاری ملزمان کو دس دس سال قید اور 5/5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ، عدالت نے ملزمان کی جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
ملزمان میں عمر ایوب،زرتاج گل، مراد سعید،شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب اور شیخ راشد شفیق ،شہباز گل، ذولفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز،رائے محمد مرتضیٰ ، شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا، اعجاز خان جازی شامل ہیں۔
جی ایچ کیو حملہ کیس، عمران خان سے وکلا کی ملاقات کی درخواست مسترد
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سزا پانے والے ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پرحملوں میں ملوث پائے گئے، جے آئی ٹی رپورٹ نے ملزمان کو پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں ملوث مرکزی ملزم قرار دیا۔
فیصلے کے مطابق ملزمان پر 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پرحملوں اورسرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے، مقدمےمیں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت 118 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی، 118 ملزمان پر دسمبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ مقدمے میں اب تک استغاثا کے کل 44 گواہان کے بیانات رکارڈ ہوچکے ہیں، 118ملزمان میں 18 ملزمان دوران ٹرائل عدالت سے مسلسل غیر حاضر پائے گئے، 29ملزمان مقدمے کے اندراج کے بعد کبھی عدالت میں پیش ہی نہیں ہوئے۔
جی ایچ کیو حملہ کیس ، عمران خان واٹس ایپ لنک پر پیش ، عدالت نے 2 درخواستیں خارج کر دیں
عدالت نے کہا کہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت47 اشتہاری ملزمان کا علیحدہ ٹرائل چلایا گیا، پراسیکیوشن نے رواں سال 6 جنوری کو اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائی کی درخواست دائر کی، عدالت نے پراسیکیوشن کی درخواست پر انکوائری تشکیل دی، رواں سال 8 جنوری کو 47 مفرور ملزمان کا اشتہار جاری کیا گیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اشتہاری ملزمان کو 7دن کےاندر عدالت کےسامنےسرنڈر کرنے کا موقع دیا، عدالتی احکامات اور اشتہار جاری ہونےکے باوجود کوئی ملزم عدالت پیش نہیں ہوا۔
