کراچی میں گیس کی فراہمی کے نظام میں تبدیلی کا امکان سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے ایل این جی کی درآمد بند ہونے کے باعث رمضان المبارک کے دوران گیس فراہمی کے شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی کی جانب سے گزشتہ سال نافذ کیے گئے گیس شیڈول کو دوبارہ بحال کرنے پرغور کیا جا رہا ہے تاکہ محدود دستیاب گیس کو رمضان میں صارفین کی ضروریات کے مطابق تقسیم کیا جا سکے۔
ایک ماہ کیلئے بجلی ایک روپے 63 پیسے فی یونٹ مہنگی
ذرائع کے مطابق مجوزہ شیڈول کے تحت افطار کے اوقات میں صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے گیس کی فراہمی سہ پہر 3 بجے سے رات ساڑھے 9 بجے تک جاری رہے گی۔
اسی طرح سحری کے اوقات میں گیس صبح 3 بجے سے صبح 9 بجے تک دستیاب ہوگی تاکہ گھریلو صارفین کھانے کی تیاری میں مشکلات کا سامنا نہ کریں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گیس کی دستیابی میں کمی کی بنیادی وجہ ایل این جی کی درآمد کا بند ہونا ہے جس کے باعث کمپنی کو گیس کے استعمال کو منظم کرنے کے لیے نیا شیڈول ترتیب دینا پڑ رہا ہے۔
