افغانستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے اوپننگ بیٹر ابراہیم زدران کو قومی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کردیا ہے۔ وہ اسٹار لیگ اسپنر راشد خان کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب افغانستان کی ٹیم 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ مرحلے ہی سے باہر ہوگئی تھی، جس کے بعد ٹیم کے سیٹ اپ میں تبدیلیوں پر غور کیا جارہا تھا۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نئی قیادت ٹیم کے طویل المدتی منصوبے اور حکمت عملی کا حصہ ہے۔
فن ایلن کا ٹی 20 ورلڈ کپ میں 33 گیندوں پرتیز ترین سنچری کا نیا ریکارڈ
24 سالہ ابراہیم زدران اس سے قبل بھی ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں اور اب تک وہ 11 ٹی ٹوئنٹی میچز میں ٹیم کی کپتانی کرچکے ہیں۔ بیٹنگ کے شعبے میں بھی وہ افغانستان کے اہم کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں وہ افغانستان کے چوتھے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں۔
انہوں نے اب تک 65 اننگز میں 1865 رنز اسکور کیے ہیں، ان کی بیٹنگ اوسط 33.30 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 114.83 رہا ہے۔
ابراہیم زدران کی بطور کپتان پہلی ذمہ داری سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ہوگی جو 13 مارچ سے شارجہ میں کھیلی جائے گی۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز بھی ہوگی جو اسی ماہ دبئی میں شیڈول ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل سے قبل بھارتی ٹیم کی حرکت نے سب کو حیران کر دیا
تاہم فضائی راستوں کی بندش کے سبب سیریز کے انعقاد پر غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے اور امارات کرکٹ بورڈ سمیت دیگر متعلقہ حکام سے مشاورت جاری ہے۔
بورڈ کے مطابق ابتدائی منصوبہ یہی ہے کہ سیریز طے شدہ تاریخوں اور مقامات پر ہی منعقد کی جائے، تاہم اگر حالات نے تقاضا کیا تو متبادل میزبان ملک یا شیڈول پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ راشد خان کی قیادت میں ٹیم نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، خاص طور پر 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی، علیم ڈار مستعفی
ادھر افغانستان کی ون ڈے ٹیم کی قیادت بدستور حشمت اللہ شاہدی کے پاس رہے گی جبکہ رحمت شاہ نائب کپتان ہوں گے۔
