بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کے معاملے پر ان کی بہن عظمیٰ خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے پیش نظرانہیں فوری طورپراسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے مکمل طبی معائنے کی اجازت دی جائے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے اورعلاج کے دوران اہلخانہ اورمعالجین کو ان تک رسائی فراہم کی جائے تاکہ ان کی صحت کے بارے میں بروقت اوردرست معلومات حاصل کی جا سکیں۔
بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ، بینائی میں نمایاں بہتری
عظمیٰ خان نے مؤقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ ان کی پسند کے ڈاکٹروں سے کروایا جائے، درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر خرم مرزا، ڈاکٹرعاصم یوسف، ڈاکٹرفیصل سلطان اورڈاکٹر ثمینہ نیازی کو طبی معائنہ کرنے والی ٹیم میں شامل کیا جائے۔
مزید یہ کہ بانی پی ٹی آئی کے تفصیلی بلڈ ٹیسٹ کروائے جائیں اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے انہیں Shifa International Hospital منتقل کیا جائے۔
درخواست میں عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ دوران حراست اور علاج کے دوران معالجین، اہلخانہ اور وکلا کو بانی پی ٹی آئی تک مسلسل رسائی فراہم کی جائے۔
ساتھ ہی گزشتہ تین ماہ کے بلڈ ٹیسٹ، آئی ٹیسٹ اور دیگر تشخیصی رپورٹس سمیت مکمل طبی ریکارڈ فراہم کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔
