اسلام آباد: مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے باعث متاثر ہونے والے فضائی آپریشنز جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کو متحدہ عرب امارات کے لیے یومیہ دو پروازوں کی اجازت مل گئی۔ جن میں ایک پرواز دبئی اور ایک ابوظہبی کے لیے روانہ ہو گی۔ اس سے قبل سعودی شہر دمام کے لیے بھی پی آئی اے کو آپریشن کی اجازت دی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بحرین پر میزائل حملے کے بعد دمام کے لیے پروازیں فی الحال معطل کر دی گئی ہیں۔ تاہم جدہ، ریاض اور مدینہ کے لیے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔ سعودی عرب جانے والی پروازیں بحیرہ عرب سے ہوتے ہوئے یمن کی فضائی حدود کے راستے اپنی منزل تک پہنچ رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: افغان سرزمین کا پاکستان کیخلاف دہشتگردی میں استعمال ہونا ناقابل قبول ہے، عاصم منیر
یورپ اور کینیڈا جانے والی پی آئی اے کی پروازوں کو ایرانی فضائی حدود کی بندش کا سامنا ہے۔ یورپ اور کینیڈا کے لیے پروازیں افغانستان کے علاقے واخان کے راستے اپنی منزل تک پہنچ رہی ہیں۔
