راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغان سرزمین کا پاکستان کیخلاف دہشتگردی میں استعمال ہونا ناقابل قبول ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا۔ جہاں انہیں مغربی سرحد پر سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل کو آپریشن غضب للحق اور پاک افغان سرحدی صورتحال سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پھول رکھے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی بنیاد ہیں۔
فیلڈ مارشل نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل مستعدی اور بلند حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے جاری جھڑپوں کے دوران افواج کی ثابت قدمی اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کی بھی تحسین کی۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کی جانب سے افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے دینا ناقابل قبول ہے۔ اور امن اسی صورت ممکن ہے جب افغان طالبان دہشتگرد تنظیموں کی حمایت ترک کریں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائی کورٹ کا بڑا اقدام، 3 سول ججز نوکری سے فارغ
فیلڈ مارشل نے پاک افغان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاری، باہمی ہم آہنگی اور استقامت پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔ وانا آمد پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔
