پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (NGMS) اور 5G اسپیکٹرم کی آئندہ نیلامی کے لیے تین بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو اہل قرار دے دیا ہے۔
نیلامی کا عمل 10 مارچ 2026 سے شروع ہوگا۔
پی ٹی اے کے مطابق یوفون ،جاز اورزونگ نے مقررہ وقت کے اندر تمام ضروری دستاویزات جمع کرانے کے ساتھ بینک گارنٹیز بھی فراہم کر دیں، جس کے بعد انہیں باضابطہ طور پر نیلامی میں حصہ لینے کی اجازت دے دی گئی۔
ریگولیٹر کا کہنا ہے کہ درخواستوں کا جائزہ انفارمیشن میمورنڈم میں درج شرائط کے مطابق لیا گیا۔ تکنیکی اور مالیاتی جانچ پڑتال مکمل کرنے کے بعد 3 مارچ کو اہل بولی دہندگان کی حتمی فہرست جاری کی گئی۔ پی ٹی اے کے مطابق 27 فروری کو درخواستوں کی آخری تاریخ ختم ہونے تک کسی نئی کمپنی نے نیلامی کے لیے درخواست جمع نہیں کرائی۔
شرکاء کی تیاری کے لیے پی ٹی اے نے 4 مارچ کو بڈرز سیمینار جبکہ 5 مارچ کو ماک آکشن سیشن بھی شیڈول کر رکھا ہے، تاکہ کمپنیوں کو حتمی بولی کے عمل سے قبل مکمل آگاہی فراہم کی جا سکے۔
نیلامی میں مجموعی طور پر 597.2 میگا ہرٹز اسپیکٹرم چھ مختلف فریکوئنسی بینڈز میں پیش کیا جائے گا۔ 2600 میگا ہرٹز اور 3500 میگا ہرٹز بینڈز میں لازمی بولی ہوگی جو 5G سروسز کے اجرا کے لیے اہم تصور کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 700 میگا ہرٹز، 1800 میگا ہرٹز، 2100 میگا ہرٹز اور 2300 میگا ہرٹز بینڈز بھی دستیاب ہوں گے۔
حکومت کو توقع ہے کہ مرحلہ وار منصوبہ بندی کے تحت 2026 کے وسط تک بڑے شہروں میں کمرشل 5G سروسز کا آغاز کر دیا جائے گا۔
