اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ویلیو ایڈڈ سروسز کی غیر قانونی اور غیر مجاز ایکٹیویشن سے متعلق عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے باضابطہ ایڈوائزری جاری کر دی۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق بعض صارفین نے شکایت کی کہ ان کے موبائل نمبرز پر ویلیو ایڈڈ سروسز ان کی اجازت کے بغیر فعال کی جا رہی ہیں۔ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صارف کی پیشگی اجازت کے بغیر کوئی ویلیو ایڈڈ سروس ایکٹیویٹ نہیں کی جا سکتی۔
پی ٹی اے نے ہدایت کی کہ وی اے ایس ایکٹیویشن کے لیے ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) کی تصدیق لازمی ہو گی۔ اور او ٹی پی شیئر کیے بغیر کوئی سروس فعال نہیں کی جا سکے گی۔ غیر مجاز ایکٹیویشن کو ناقابل قبول قرار دیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں موبائل صارفین کو مشورہ دیا گیا کہ وہ مشکوک لنکس اور غیر ضروری سروسز سے محتاط رہیں۔ اگر کسی صارف کو غیر متعلقہ چارجز کا سامنا ہو تو فوری طور پر متعلقہ موبائل آپریٹر سے رابطہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: جوہری مذاکرات میں پیشرفت کے باوجود ایران پر حملہ کیا گیا، اسحاق ڈار
شکایت کے اندراج کے لیے صارفین پی ٹی اے کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم سے رجوع کر سکتے ہیں۔ پی ٹی اے صارفین کے حقوق کے تحفظ اور ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
