پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں پر جرمانہ کرنا چھوٹی سوچ ہے۔ پی سی بی کو کارکردگی کی بنیاد پر سخت اور دیرپا فیصلے کرنا ہوں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر زیرگردش 50 لاکھ روپے جرمانے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ چھوٹی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ صرف مالی جرمانہ عائد کرنا مؤثر اقدام نہیں۔ بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر سخت اور دیرپا فیصلے کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی بہتر کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ انہیں قومی ٹیم سے نکال کر فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھیجا جائے۔ تاکہ وہ اپنی فارم بحال کر سکیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ بعض کھلاڑی کم از کم دو سال تک دوبارہ قومی ٹیم میں واپسی کے مستحق نہیں۔ اور اسی نوعیت کی سخت سزائیں ٹیم میں بہتری لا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسکواڈ میں تبدیلی ناگزیر ہے۔ اور جن کھلاڑیوں کو آرام کی ضرورت ہے انہیں مناسب وقت دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی حملوں کا خوف، فٹبال اسٹار رونالڈو سعودی عرب چھوڑ گئے
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مایوس کن کارکردگی پر قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی پر 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اور جس طرح عمدہ کارکردگی پر بونس دیا جاتا ہے، ویسے ہی ناقص نتائج پر جوابدہی بھی ہو گی۔
