لاہور: صوبہ پنجاب میں موٹرسائیکلوں سمیت تمام گاڑیوں پر ای ٹیگ لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ جس میں صوبے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موٹرسائیکل سمیت تمام گاڑیوں پر ای ٹیگ لگائے جائیں گے۔ تاکہ گاڑیوں کی نقل و حرکت کی مؤثر نگرانی کی جا سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس اقدام کی باقاعدہ منظوری دے دی۔
اجلاس کے دوران پنجاب سائبر کرائم انویسٹی گیشن یونٹ قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ مریم نواز نے سائبر کرائم انویسٹی گیشن یونٹ کے سربراہ کی تقرری کی بھی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق سائبر کرائم کا شکار خواتین اور بچیوں کے لیے خصوصی سیل بنایا جائے گا۔ جبکہ اضلاع میں ڈسٹرکٹ آن لائن کرائم سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
اجلاس میں غیر روایتی صوبائی داخلی پوائنٹس سے آمدورفت روکنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ صوبائی داخلی راستوں پر سرچ لائٹس لگانے اور ڈرون سرویلنس کی منظوری دی گئی ہے۔ جبکہ چیک پوسٹوں پر روف ٹاپ سیکیورٹی مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جدید ترین ڈرون ڈیفنس سسٹم کی فوری خریداری کے لیے اقدامات کا حکم دیا۔ اور ڈرون کے غیر قانونی استعمال پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بہادر افواج نے معرکہ حق میں بھارتی حملے کو تاریخی فتح میں بدل دیا،صدر مملکت
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔
