کویت میں امریکا کے کئی جنگ طیارے گر کر تباہ ہو گئے۔
ترک میڈیا کے مطابق امریکا کا ایف 15 جنگی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ دوسری جانب خلیج ٹائمز نے امریکا کے متعدد طیارے گر کر تباہ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق طیارہ معمول کی پرواز پر تھا کہ دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہوگیا اور زمین سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔ ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ طیارہ زمین سے ٹکرانے سے چند لمحے قبل پائلٹ کو بحفاظت ایجیکٹ کرتے دیکھا گیا۔
یاد رہے کہ ایف 15 ایک جدید لڑاکا طیارہ ہے جو مختلف جنگی اور دفاعی مشنز میں استعمال کیا جاتا ہے، واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب خلیج ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کویت کی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ آج صبح کئی امریکی فوجی طیارے حادثے کا شکار ہوئے، تاہم تمام عملہ محفوظ رہا۔
ترجمان کے مطابق متعلقہ اداروں نے فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا، جس کے تحت عملے کو نکال کر طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا، تمام اہلکاروں کی صحت بہتر ہے۔
وزارتِ دفاع کے ترجمان نے مزید کہا کہ واقعے کی نوعیت اور اسباب کے حوالے سے دوست امریکی افواج کے ساتھ براہِ راست رابطہ اور ہم آہنگی کی گئی ہے جبکہ مشترکہ تکنیکی اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کی جائیں۔
