خلیج تعاون کونسل نے کہا ہے کہ ایران حملے فوری طور پر روک دے۔
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر حملے بند کرے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے اقدامات کرے، یہ مطالبہ رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ سپلائی چین کے تحفظ اور عالمی توانائی منڈیوں کے استحکام کو یقینی بنانا ناگزیر ہے کیونکہ موجودہ صورتحال سے خطے اور دنیا کی معیشت متاثر ہو سکتی ہے۔
کونسل نے کہا کہ وہ ایرانی جارحیت کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتی ہے اور اپنی سلامتی اور علاقائی تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گی، بیان میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ رکن ممالک اپنے شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔
خلیج تعاون کونسل میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، عمان، قطر اور کویت شامل ہیں، کونسل نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں استحکام اور امن کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
