اسلام آباد: پاکستان کے مختلف شیعہ علما نے موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر عوام سے پُرامن رہنے اور قانون کی پاسداری کی اپیل کر دی۔
جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ رہبر معظم آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت سے عالم اسلام ایک اہم رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیادت افراد کی شہادت سے ختم نہیں ہوتی۔ خطے کی صورتحال حساس ہے اور اس موقع پر عوام کو پُرامن رہنا چاہیے۔
گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنما شیخ آغا باقر نے بھی اسکردو بلتستان کے موجودہ حالات کے تناظر میں عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج سے ایک اصولی اور نظریاتی مؤقف کا اظہار ہو سکتا ہے۔ تاہم اسے ہر صورت پرامن اور قانونی دائرے میں رہ کر ہونا چاہیے۔ کسی بھی سرکاری عمارت، قومی ادارے یا عوامی املاک کو نقصان پہنچانا درست نہیں۔
شیخ آغا باقر نے کہا کہ پاکستان سب کا مشترکہ وطن ہے اور اس کا تحفظ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ احتجاج کو نظم و ضبط، اتحاد اور قانونی حدود کے اندر رکھا جائے تاکہ پیغام مؤثر انداز میں دنیا تک پہنچ سکے۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن غضب للحق جاری، افغان طالبان کی مرکزی پوسٹ پر کنٹرول حاصل
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو محفوظ رکھے اور گلگت بلتستان میں امن و استحکام قائم رہے۔

1 Comment
We should have to calm and united during such sensitive condition.That is most important for everyone.