ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے خلاف بلاجواز حملوں کی مذمت کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں مذاکرات کی ناکامی اورموجودہ صورتحال کی شروعات پر افسوس کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب پُرامن اور مذاکراتی حل تک پہنچنے کیلئے سفارتی کوششیں جاری تھیں، ایسی کارروائیاں خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچائیں گی۔
پاکستان کی متحدہ عرب امارات میں موجود اپنے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سعودیہ، بحرین، اردن، کویت، قطراوریو اے ای پر کیے گئے ایرانی حملوں کی مذمت کرتا ہے، پاکستان ان تمام برادرممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے، بلااشتعال حملے خلیجی برادر ریاستوں کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
پاکستان یو اے ای میں دوران حملہ ایک پاکستانی شہری کی ہلاکت کی بھی مذمت کرتا ہے، پاکستان عالمی قانون اور اقوامِ متحدہ کے منشور کے اصولوں کی پاسداری کی ضرورت پر زوردیتا ہے، پاکستان تمام فریقین سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ سفارت کاری کی بحالی اور مذاکراتی حل تلاش کریں۔
