اوگرا(Oil and Gas Regulatory Authority) کی جانب سے تیار کردہ ورکنگ کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ متوقع ہے، جس کا اطلاق یکم مارچ سے ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مہنگائی سے پریشان عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور مختلف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ اوگرا نے نئی قیمتوں کے حوالے سے سمری تیار کرکے حکومت کو ارسال کردی ہے، جس کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 58 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 4 روپے 73 پیسے فی لیٹر بڑھ سکتی ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 88 پیسے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے، جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 5 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جس کے اثرات اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں پر پڑیں گے۔ عوامی حلقوں کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور ڈالر کے اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ حکومت کی منظوری کے بعد ہی سامنے آتا ہے۔
