رضا پہلوی نے فوج اور سیکیورٹی فورسز کو براہِ راست پیغام جاری کرتے ہوئے عوام کا ساتھ دینے کی اپیل کر دی۔
ایران کے سابق ولی عہد رضا پہلوی نے اپیل کی کہ موجودہ حالات میں قوم کے مفاد کو ترجیح دیں، انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کو خبردار کیا کہ وہ خامنہ ای کے ڈوبتے ہوئے نظام سے خود کو الگ کریں اور عوام کے ساتھ کھڑے ہوں۔
اپنے بیان میں رضا پہلوی کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے اور امداد پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو انسانی بنیادوں پر مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہدف ایرانی عوام نہیں بلکہ جابرانہ نظام اور قتل و غارت کی مشینری ہے۔
رضا پہلوی نے ایرانی عوام سے کہا کہ وہ موجودہ حالات میں گھروں میں رہیں، پرسکون رہیں اور سوشل میڈیا و سیٹلائٹ چینلز کے ذریعے تازہ ہدایات سے باخبر رہیں۔
انہوں نے عندیہ دیا کہ وہ ”حتمی اقدام“ کے لیے وقت کا اعلان جلد کریں گے اور دعویٰ کیا کہ ”حتمی فتح اب زیادہ دور نہیں“۔
ایران نے اسرائیل پر جوابی حملہ کر دیا
انہوں نے امریکی قیادت سے مطالبہ کیا کہ کسی بھی ممکنہ کارروائی کے دوران عام شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی سرزمین واپس لینے اور ملک کی دوبارہ تعمیر کے بہت قریب ہے۔
ایرانی عوام سے رضا پہلوی نے کہا کہ فتح کا انحصار ایرانی عوام کے ہاتھوں میں ہے، مواصلات میں خلل کی صورت میں ریڈیو کے ذریعے رابطہ جاری رہے گا، جلد ایرانی عوام کے ساتھ ہونا چاہتا ہوں تاکہ ہم مل کر ایران کو دوبارہ تعمیر کر سکیں۔
