اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے افغان وزیرداخلہ سراج الدین حقانی کے بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں پاکستان دل و جان سے آپ کے ساتھ کھڑا رہا، مگر بدلے میں ہمیں کیا صلہ ملا؟
خواجہ آصف نے کہا کہ حقانی صاحب، آپ ہمارے مہمان رہے، آپ کے خاندانوں کی دہائیوں تک مہمان نوازی کی گئی، ہم نے آپ کے بزرگوں سے لے کر تین نسلوں تک خدمت کی، لاکھوں مہمانوں کو پناہ دی اور آج بھی کچھ لوگ پاکستان کی سرزمین پر پناہ گزین ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج پاکستان کے دشمنوں اور قاتلوں کو پناہ دی جا رہی ہے۔ آپ نے معصوم بچوں کے خون سے کھیلنے والوں کو سینے سے لگایا ہوا ہے، کابل میں بھی آپ کو کہا تھا کہ ہمارے دشمنوں کے حلیف نہ بنیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی، حتیٰ کہ جو مالی معاونت مانگی گئی وہ بھی دینے کو تیار تھے مگر اس کی کوئی ضمانت نہیں تھی۔
آپریشن غضب للحق جاری، 331 افغان طالبان ہلاک، متعدد چیک پوسٹیں اور ٹینک تباہ
انہوں نے کہا حقانی ایک عظیم بزرگ تھے، کم از کم ان کے نام کی ہی لاج رکھیں، ہم آپ سے کچھ نہیں مانگتے، صرف یہ کہتے ہیں کہ آپ اپنے گھر راضی رہیں اور ہمیں اپنے گھر میں سکون سے رہنے دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کو بے شک اپنے گھر بسائیں، لیکن ان کے ساتھ مل کر ہمارے دشمن نہ بنیں، ہماری روایت، ثقافت اور دین یہ سکھاتا ہے کہ جہاں پناہ لیں، اس کی خیر مانگیں۔
