دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ افغانستان سے ہونے والے دہشتگرد حملوں کے جواب میں پاکستان نے مؤثر اور ہدفی کارروائی کی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی افواج کی درست کارروائیوں کے نتیجے میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اوران کے لاجسٹک مراکزکو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے تحت حقِ دفاع استعمال کرتے ہوئے کیا گیا۔
وزیر اعظم کا جی ایچ کیو کا دورہ، عسکری قیادت کی افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام جاری رکھے گا اورمزید کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب فیصلہ کن اورمؤثراندازمیں دیا جائیگا، افغان سرزمین سے دہشتگرد حملوں میں اضافہ نہایت افسوسناک ہے۔
ترجمان نے کہا کہ طالبان حکومت اوربھارت دہشتگرد عناصرکی حمایت کررہے ہیں، انہوں نے افغان حکومت سے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف مؤثرکارروائی کا مطالبہ کیا۔
ترجمان نے عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ افغان حکام کو واضح پیغام دے کہ دہشتگرد تنظیموں کے خلاف ٹھوس اورقابلِ تصدیق اقدامات ناگزیر ہیں۔
پاکستان نے اعادہ کیا کہ وہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے تاہم اپنی سلامتی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
