حکومتِ پاکستان نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں ڈرون اڑانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اسلام آباد سے وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اب کسی بھی قسم کا تجارتی یا نجی بغیر پائلٹ طیارہ بغیر اجازت نہیں اڑایا جا سکے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے اور اس پر فوری طور پر عملدرآمد ہوگا، حکام کے مطابق پابندی کا مقصد حساس مقامات اورعوامی اجتماعات کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
دوسری جانب ضلعی مجسٹریٹ اسلام آباد نے دفعہ 144 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے دارالحکومت کی حدود میں بغیر پائلٹ طیاروں، فضائی کیمروں اور دیگر ریموٹ کنٹرول سے چلنے والی اڑنے والی مشینوں کے استعمال پرمکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ کے علاوہ کسی بھی فرد یا ادارے کو بغیر اجازت ایسے آلات اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندی دو ماہ تک نافذ العمل رہے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
