وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کا عزم ہے کہ کسی بھی صورت ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج کسی بھی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ افواجِ پاکستان پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلیٰ تربیت اور مؤثر دفاعی حکمتِ عملی سے لیس ہیں اور کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا ہے، تاہم ملکی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور افواجِ پاکستان ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
