اسلام آباد، بیرسٹر گوہر نے پاکستان تحریک انصاف کی اندرونی مشاورت سے متعلق اٹھائے گئے سوالات کا جواب دے دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ ہونے والی کانفرنس کال پر ان کی جانب سے موجود دوسرا شخص سہیل آفریدی تھا۔
یہ وضاحت انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس وقت دی جب علیمہ خان کی جانب سے سوال اٹھایا گیا تھا کہ کانفرنس کال میں دوسرا شریک کون تھا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علیمہ خان نام جاننا چاہتی تھیں، اس لیے انہوں نے واضح طور پربتا دیا کہ کانفرنس کال پر سہیل آفریدی موجود تھے۔
لاہور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، عثمان ڈار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی کی صحت کے حوالے سے ان کی بہنوں کی تشویش بجا ہے، تاہم پارٹی قیادت کو بھی اتنی ہی فکر لاحق ہے، پارٹی نے فیملی سے کبھی کوئی بات نہیں چھپائی اور نہ ہی کوئی فیصلہ اکیلے میں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہرلمحے کی بنیاد پراپ ڈیٹس فراہم کی جا رہی تھیں اور تمام معاملات شفاف انداز میں آگے بڑھائے گئے۔
بیرسٹر گوہر نے پارٹی قیادت پراعتماد برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غلط فہمیاں پیدا کرنے کے بجائے اتحاد اور مشاورت کو فروغ دیا جانا چاہیے۔
