اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے حلقہ پی بی 21 بلوچستان میں دوبارہ گنتی کے حکم کو معطل کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کر دیا۔
عدالت نے یہ حکم محمد صالح بھوتانی کی درخواست پر جاری کیا اورفریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا، عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت عید الفطرکے بعد مقررکرنے کی ہدایت بھی کی۔
درخواست گزارنے 25 فروری کوجاری ہونے والے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کوغیرقانونی قراردینے کی استدعا کی اور مؤقف اختیارکیا کہ فارم 47 کے مطابق انتخابی نتائج برقرار رکھے جائیں۔
لاہور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، عثمان ڈار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ ریٹرننگ آفیسرکوفارم 47 کی بنیاد پر فارم 48 اور 49 تیار کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست گزارکے وکیل کے مطابق الیکشن کمیشن کا فیصلہ الیکشن ایکٹ 2017 کی صریح خلاف ورزی ہے اوردوبارہ گنتی کا حکم محض مفروضوں کی بنیاد پردیا گیا، جس کے لئے کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں تھے۔
مزید کہا گیا کہ فریقین کو سنے بغیر فیصلہ سنایا گیا جوآئین کے آرٹیکل 10 اے اورسپریم کورٹ کے فیصلوں کے منافی ہے، عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کے حکم پر عملدرآمد عارضی طور پرروک دیا۔
