دنیا کی امیر ترین کاروباری شخصیت اور بزنس ٹائیکون بل گیٹس نے روسی خواتین سے ناجائز تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگ لی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بل گیٹس نے اپنے عملے کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران اس بات کا اعتراف کیا کہ ایپسٹین سے ملاقاتیں کرنا ان کی زندگی کی بڑی غلطی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایپسٹین جیسے مجرم سے روابط رکھنا اور فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے اس سے مشاورت کرنا فیصلہ سازی میں سنگین کوتاہی تھی۔ جس پر وہ پہلے بھی افسوس کا اظہار کر چکے ہیں۔
روسی خواتین کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ ان میں سے ایک پل پلیئر تھیں۔ جن سے ملاقات ایک تقریب کے دوران ہوئی۔ جبکہ دوسری جوہری فزسسٹ تھیں جن سے کام کے دوران ملنے کا اتفاق ہوا۔ تاہم یہ خواتین ایپسٹین کے چنگل کا شکار نہیں ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ایپسٹین جیسے مجرم سے ملاقات اور اس سے اپنی فاؤنڈیشن کے افراد کو ملوانا سنگین غلطی تھی۔ 2013 میں ان کی سابقہ اہلیہ ملنڈا گیٹس کو ایپسٹین پر شک ہوا تو انہوں نے بل گیٹس کو سمجھانے کی کوشش کی تھی، لیکن انہوں نے نظر انداز کر دیا۔
یاد رہے کہ جیفری ایپسٹین کو کم عمر لڑکیوں کے جنسی استحصال سمیت سنگین الزامات کا سامنا تھا اور 2019 میں وہ جیل میں مردہ پائے گئے تھے۔ ان کی گرفتاری اور بعد ازاں موت کے بعد سے متعدد عالمی شخصیات کے نام مختلف دستاویزات میں سامنے آتے رہے ہیں۔ تاہم ان ناموں کا سامنے آنا کسی جرم میں ملوث ہونے کا ثبوت نہیں سمجھا جاتا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کا آغاز؟ 2 آپریٹرز نے ڈیڑھ کروڑ ڈالر جمع کروا دیئے
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بل گیٹس نے ماضی میں ایپسٹین کے ہمراہ مختلف شہروں میں ملاقاتیں کیں۔ تاہم انہوں نے کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
