نئی دہلی: بھارتی فضائیہ نے مقامی ساختہ تیجس لڑاکا طیاروں کے حالیہ حادثے کے بعد اپنے زیراستعمال 35 تیجس طیاروں کے پورے بیڑے کو عارضی طور پر گراؤنڈ کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 7 فروری کو پیش آنے والے حادثے کے بعد تمام طیاروں کی جامع تکنیکی جانچ کا حکم دیا گیا ہے۔ حادثے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔ جس کے باعث فضائیہ نے مکمل معائنہ شروع کر دیا ہے۔ جانچ کے عمل میں لینڈنگ گیئر کی دھاتوں کا تجزیہ، الیکٹرو میگنیٹک بریکنگ سسٹم اور آن بورڈ سافٹ ویئر کی پڑتال شامل ہے۔
7 فروری کو پیش آنے والے واقعے میں سنگل سیٹ طیارے کا پائلٹ زخمی ہوا تاہم وہ محفوظ رہا۔ متاثرہ طیارے کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا اور اسے ممکنہ طور پر ناقابل استعمال قرار دیا جا سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 2016 میں تیجس کی بھارتی فضائیہ میں شمولیت کے بعد یہ تیسرا بڑا حادثہ ہے۔ پہلا واقعہ مارچ 2024 میں جیسلمیر کے قریب فائر پاور مظاہرے سے واپسی کے دوران پیش آیا تھا۔ جس میں پائلٹ محفوظ رہا۔ دوسرا حادثہ نومبر 2025 میں دبئی ایئر شو کے دوران فضائی کرتب دکھاتے ہوئے پیش آیا۔ جس میں پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔
دوسری جانب طیارہ ساز کمپنی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) نے 7 فروری کے واقعے کو مکمل حادثہ قرار دینے کے بجائے ایک معمولی تکنیکی خرابی بتایا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ معیاری طریقہ کار ایس او پیز کے تحت تفصیلی تجزیہ جاری ہے۔ اور مسئلے کے جلد حل کے لیے بھارتی فضائیہ سے قریبی رابطہ رکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت نے اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت کر دی
ایچ اے ایل کے مطابق تیجس طیارہ عالمی سطح پر اپنے ہم عصر لڑاکا طیاروں کے مقابلے میں بہتر حفاظتی ریکارڈ رکھنے والے پلیٹ فارمز میں شمار ہوتا ہے۔ تاہم موجودہ صورتحال میں احتیاطی تدابیر کے طور پر مکمل بیڑے کی جانچ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
