تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا۔ اور کسی بھی قسم کی دھمکی یا دباؤ کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پیرا اولمپکس ٹیم کے ارکان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقتیں ایران کو سر جھکانے پر مجبور کرنا چاہتی ہیں۔ تاہم قوم مشکلات کے سامنے کبھی نہیں جھکے گی۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح کھلاڑیوں نے چیلنجز کا سامنا کیا۔ اسی طرح حکومت بھی قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہے گی۔
واضح رہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ تہران کو اس کے جوہری پروگرام پر معاہدے پر مجبور کرنے کے لیے محدود حملوں پر غور کر رہے ہیں۔
دوسری جانب خلیج میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ امریکا نے خطے میں اپنے فوجی اثاثوں میں اضافہ کرتے ہوئے دو طیارہ بردار بحری جہاز اور درجنوں جنگی طیارے تعینات کر دیئے ہیں، جس کے بعد خطے کی صورتحال پر عالمی برادری کی تشویش بڑھ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر کا ایران کیخلاف خفیہ منصوبہ سامنے آ گیا
تہران کا مؤقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔ جبکہ امریکا اور اس کے اتحادی ایران پر جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔
