روس میں بڑھتی ہوئی معاشی مشکلات اور بے روزگاری کے دباؤ نے ایک نوجوان کو ایسا غیر معمولی قدم اٹھانے پر مجبور کر دیا کہ جس نے سب کو حیران کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 20 سالہ نوجوان نے صرف رہائش اور خوراک جیسی بنیادی ضروریات حاصل کرنے کے لیے خود کو گرفتار کروانے کے مقصد سے بم کی جھوٹی اطلاع دی، جس پر عدالت نے اسے تین سال اور دو ماہ قید کی سزا سنائی۔
یوٹیوب فالوورز نہ بڑھنے پر نوجوان نے اسٹوڈیو کو آگ لگا دی، قیمتی آلات تباہ
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نوجوان نے ہائی اسکول سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد فوج میں خدمات انجام دیں، لیکن ملازمت کے لیے متعدد کوششوں کے باوجود اسے کوئی مناسب موقع نہ مل سکا۔
حال ہی میں وہ اوفا شہر گیا جہاں تین دن تک نوکری تلاش کرنے کے باوجود ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اتنی مشکلات کے بعد اس کے پاس نہ رہنے کی جگہ رہی اور نہ کھانے کے لیے پیسے۔
رپورٹس کے مطابق نوجوان نے سب سے پہلے ایک ہوٹل میں جا کر عملے کو بتایا کہ اس کے بیگ میں بم ہے اور وہ عمارت کو اڑا دے گا، لیکن ہوٹل انتظامیہ نے اسے سنجیدہ نہیں لیا، اس کے بعد وہ ایئرپورٹ پہنچا اور ٹرمینل کے درمیان کھڑے ہو کر زور سے چیخا کہ اس کے پاس بم موجود ہے۔
ایئرپورٹ سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے قابو کر لیا اور تلاشی کے دوران اس کے بیگ سے کوئی دھماکا خیز مواد یا مشکوک آلہ نہیں ملا، پوچھ گچھ میں نوجوان نے اعتراف کیا کہ اس نے جان بوجھ کر ایسا کیا تاکہ اسے گرفتار کیا جائے اور کم از کم جیل میں رہائش اور کھانے کی سہولت مل جائے۔
پائلٹ نے پہلی بار چلتی ٹرین پر طیارہ اتار کر تاریخ رقم کر دی
حکام کے مطابق نفسیاتی معائنے میں وہ ذہنی طور پر مکمل صحت مند پایا گیا، جس کے بعد عدالت نے جھوٹی دہشت گردی کی اطلاع دینے کے جرم میں اسے سزا سنا دی۔
