کولمبو: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ دوسری اننگز میں گیند پہلی اننگز کے مقابلے میں زیادہ سلپ ہوئی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں۔ اور کوئی بڑی پارٹنرشپ قائم نہیں ہو سکی۔ جس کا خمیازہ ٹیم کو بھگتنا پڑا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ دوسری اننگز میں گیند پہلی اننگز کے مقابلے میں زیادہ سلپ ہوئی۔ تاہم پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ درست تھا کیونکہ ابتدائی مرحلے میں گیند زیادہ اسپن ہو رہی تھی۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ ہم دو ماہ سے اچھی کرکٹ کھیل رہے تھے لیکن آج ہم پیچھے چلے گئے۔
بھارتی ٹیم کے بلے باز ایشان کشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ انہوں نے شاندار اننگز کھیلی اور وہی میچ ہم سے لے گئے۔
باؤلنگ حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلمان آغا سے پہلا اوور کرانے کا منصوبہ تین روز قبل تیار کیا گیا تھا۔ اسی طرح عثمان طارق کا کردار بھی واضح تھا اور انہیں درست وقت پر استعمال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارت نے باآسانی پاکستان کو شکست دے دی
ہیڈ کوچ نے کہا کہ اگر ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنا ہے تو بہتر کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ اس کارکردگی کے بعد ڈریسنگ روم میں سب مایوس ہیں۔ بھارت نے ہمیں آؤٹ کلاس کر دیا۔
