میونخ: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جرمنی میں میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے دوران اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(ئی ایس پی آر) کے مطابق فیلد مارشل سید عاصم منیر نے 12 سے 14 فروری تک جرمنی کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے 62ویں میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کی۔ اور اہم ملاقاتیں کیں۔
سید عاصم منیر نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بھی ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جرمن حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ، مشیر خارجہ اور چیف آف ڈیفنس سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں عصری سیکیورٹی چیلنجز، دوطرفہ دفاعی تعاون اور عالمی امن کے فروغ کے لیے کثیرالجہتی مکالمے کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔

آرمی چیف نے برازیلین مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف سے بھی ملاقات کی۔ جس میں دوطرفہ عسکری تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس کے علاوہ لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر نے بھی آرمی چیف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں عالمی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون کے فروغ سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

یہ ملاقاتیں عالمی سطح پر سکیورٹی تعاون اور پاکستان کے دفاعی و سفارتی روابط کے تناظر میں اہم پیشرفت قرار دی جا رہی ہیں۔
