حیدرآباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور قومی سلیکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں وہی ٹیم کامیاب ہو گی۔ جس کے پاس معیاری اسپنرز موجود ہوں گے۔
حیدرآباد کے مقامی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے قومی ٹیم کے امکانات پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان ٹرافی جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ حالیہ میچز میں قومی ٹیم نے ثابت کیا ہے کہ وہ متوازن کمبینیشن کی حامل ہے۔
انہوں نے کہا جس ٹیم کے پاس بہترین اسپنرز ہوں گے، اس کے جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ سری لنکن کنڈیشنز میں معیاری آل راؤنڈرز اور اسپنرز فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔
پاک بھارت میچ سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس بار کچھ مختلف ہوسکتا ہے۔ کیونکہ پاکستان بہتر پوزیشن میں دکھائی دے رہا ہے۔ یہ پاکستان کے لیے اچھا وقت ہے۔
دیگر ٹیموں پر تبصرہ کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کو معیاری اسپنرز کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ہر ٹیم کی اپنی طاقت ہوتی ہے، لیکن یہ دونوں ٹیمیں ان حالات میں اتنی مؤثر نظر نہیں آ رہیں جتنی اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہوتی ہیں۔ جبکہ پاکستان کو معیاری اسپنرز کا فائدہ حاصل ہے۔
ٹی20 فارمیٹ میں تبدیلی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں اس کھیل کا انداز بدل چکا ہے۔ بابر اعظم کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب ٹیسٹ یا ون ڈے کی کارکردگی کو ٹی20 کا معیار نہیں بنایا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا ہم عادتاً کسی کھلاڑی کی ستر یا سنچریوں کو گنتے ہیں، لیکن ٹی20 بدل چکا ہے۔ کبھی کبھار 9 گیندوں پر 20 رنز، 70 یا 80 رنز سے زیادہ اہم ثابت ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: پاک بھارت میچ، قومی ٹیم اسٹیڈیم پہنچ گئی، شائقین کرکٹ پرجوش
عاقب جاوید نے مزید کہا کہ ٹی20 میں اب انفرادی سنگ میل کی اہمیت کم ہو گئی ہے۔ اور بروقت، تیز رفتار کارکردگی ہی اصل فرق ڈالتی ہے۔
