قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ اسپنرز کا کردار پاک بھارت میچ میں اہم رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پلیئنگ الیون میں سارے کھلاڑی اہم ہیں، کسی کو بھی کھلایا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ عثمان طارق کو آپ سب نے بنایا، وہ ہمارے لیے ٹرمپ کارڈ ہیں۔
کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ عثمان طارق کے بالنگ ایکشن سے متعلق بات چلتی رہی ہے، وہ دو مرتبہ کلیئر ہوچکے ہیں مگر پتا نہیں اس کے ایکشن پر بات کیوں ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپنرز کے علاوہ پاکستان کے پاس معیاری فاسٹ بالر بھی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا رخ بدل سکتے ہیں، ٹیم کے تمام کھلاڑی ان کے لیے برابر اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حتمی ٹیم کمبی نیشن کا فیصلہ کنڈیشنز کو دیکھ کر کیا جائے گا اور کسی بھی کھلاڑی کو موقع دیا جا سکتا ہے، سابق بھارتی کرکٹرز کی جانب سے عثمان طارق پر تنقید کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے، ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
سلمان علی آغا نے بابر اعظم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین فارم میں ہیں اور گزشتہ میچ میں انہوں نے نہایت اہم اننگز کھیلی۔
پاک بھارت میچ، قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان
انہوں نے بھارتی آل راؤنڈر ابھیشیک شرما کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ابھیشیک شرما مکمل فٹ ہوں کیونکہ پاکستان ایک مضبوط بھارتی ٹیم کے خلاف کھیلنا چاہتا ہے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ پاک بھارت مقابلہ ہمیشہ ہائی وولٹیج ہوتا ہے لیکن ہماری توجہ صرف اپنی کارکردگی پر ہے اور ٹیم جیت کے لیے پُرعزم ہے۔
