چنئی میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ اے کے 21ویں میچ میں امریکہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کو 93 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
امریکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔ کپتان مونانک پٹیل نے 36 جبکہ شایان جہانگیر نے 20 رنز اسکور کیے۔
نمایاں کارکردگی سائتیجہ مکاملا نے دکھائی جنہوں نے 51 گیندوں پر 79 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
رائزنگ اسٹارز ونز ایشیا کپ، یو اے ای خواتین اے نے بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
شبھم رنجانے نے 24 گیندوں پر ناقابل شکست 48 رنز بنا کر اسکور کو 196 تک پہنچایا۔ نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈے نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی اور پوری ٹیم 15.5 اوورز میں 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ باس ڈی لیڈے نے 23 اور کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 20 رنز بنائے، تاہم کوئی بھی کھلاڑی بڑی شراکت قائم نہ کرسکا۔
امریکا کی جانب سے حارمیت سنگھ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ شادلی وین شالک ویک نے 3 جبکہ محمد محسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
