کراچی، سندھ میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز 30 مارچ سے ہوگا جبکہ دسویں جماعت کے نتائج یکم جون تک اور نویں جماعت کے نتائج 15 جون تک جاری کیے جائیں گے۔
اسی طرح انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 15 اپریل سے شروع ہوں گے، انٹرسال دوئم کے نتائج 15 جون اورسال اول کے نتائج 30 جون تک جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ فیصلے محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے جس کی صدارت وزیر تعلیم سید سردارعلی شاہ نے کی، اجلاس میں وزیر یونیورسٹیزاینڈ بورڈزاسماعیل راہو، سیکریٹری بورڈزعباس بلوچ اورسیکریٹری اسکول ایجوکیشن نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران آٹھویں جماعت تک کے امتحانات معمول کے مطابق مارچ میں ہونگے، سندھ میں نیا تعلیمی سال یکم اپریل سے شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
خیبر پختونخوا کی جامعات میں مرد اساتذہ کی طالبات سے دفاتر میں ملاقات پر پابندی عائد
موسم گرما کی گزشتہ سال والی تعطیلات برقراررکھنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ موسم سرما اوردیگرتعطیلات کا حتمی تعین اپریل میں سب کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائیگا۔
اجلاس میں شجرکاری مہم پر زور دیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ رواں موسم بہار میں تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں “ایک بچہ ایک پودا” مہم شروع کی جائے گی۔
وزیر تعلیم نے اسکولوں میں چائلڈ فرینڈلی ماحول کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسسمنٹ کا مقصد اساتذہ کی کارکردگی کو جانچنا بھی ہونا چاہیے، تعلیمی بورڈزکوامتحانات کو مرحلہ وار او ایم آرسسٹم پرمنتقل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
