نمیبیا کرکٹ ٹیم کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس(Gerhard Erasmus) نے بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل رات کے وقت ٹریننگ کا موقع نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں سمجھ نہیں آرہا کہ ٹیم کو فلڈ لائٹس میں پریکٹس کیوں نہیں دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نمیبیا ٹیم نے حالیہ دنوں میں دن کے وقت میچ اور ٹریننگ سیشنز کیے جبکہ بھارت کو میچ سے پہلے دو مرتبہ رات کے وقت ٹریننگ کا موقع ملا۔ نمیبیا ٹیم کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ فلڈ لائٹس میں ہونا ہے، اس لیے انہیں بھی رات کے حالات میں پریکٹس کی ضرورت تھی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:جنوبی افریقا ،افغانستان میچ کا سنسنی خیز نتیجہ آگیا
نمیبیا کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس کا کہنا تھا کہ ان کے ملک میں ڈے نائٹ میچز کے لیے زیادہ انفراسٹرکچر موجود نہیں، اس لیے فلڈ لائٹس میں کھیلنے کا تجربہ بھی محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے چند کھلاڑی ہی مختلف لیگز اور بڑے ایونٹس میں فلڈ لائٹس کے نیچے کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں جبکہ زیادہ تر کھلاڑیوں کے لیے یہ مشکل صورتحال ہو سکتی ہے۔
ایراسمس نے مزید کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ٹیم کو رات کی ٹریننگ کیوں نہیں دی گئی، تاہم وہ اور ان کی ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے کی کوشش کریں گے اور سخت مقابلہ کریں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو 67 رنز سے شکست دے دی
رپورٹس کے مطابق نمیبیا ٹیم نے اس سے قبل نیدرلینڈز کے خلاف دن کا میچ کھیلا تھا اور اس کے بعد ہونے والے دونوں ٹریننگ سیشن بھی دن میں ہی کرائے گئے۔ دوسری جانب بھارتی ٹیم کو رات کے وقت ٹریننگ سیشنز دیے گئے جو نمیبیا ٹیم کے لیے تشویش کا باعث بنے۔
واضح رہے کہ بھارت اور نمیبیا کے درمیان اہم میچ آج شام نئی دہلی میں کھیلا جانا ہے، جس میں دونوں ٹیمیں جیت کے لیے میدان میں اتریں گی جبکہ نمیبیا ٹیم محدود وسائل کے باوجود بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہے۔
