لاہور: پاکستان کرکٹ کے مایہ ناز سابق کپتان وسیم اکرم کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم سیالکوٹ اسٹیلینز کا صدر مقرر کر دیا گیا۔
لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں الفا اوزی اسپورٹس کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں وسیم اکرم کو باضابطہ طور پر سیالکوٹ اسٹیلینز کا صدر نامزد کیا گیا۔ وسیم اکرم نے تقریب میں آن لائن شرکت کی۔ اور بطور صدر ٹیم کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وسیم اکرم نے کہا کہ وہ سیالکوٹ اسٹیلینز کو ایک مضبوط اور کامیاب فرنچائز بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ اور ٹیم کو پیشہ ورانہ بنیادوں پر استوار کرنے میں اپنا تجربہ بروئے کار لائیں گے۔
تقریب کے دوران سیالکوٹ اسٹیلینز کا آفیشل لوگو پہلی بار منظرِ عام پر لایا گیا۔ اس موقع پر ٹیم کے ہیڈ کوچ ٹم پین، کو-اونرز حمزہ مجید اور محمد شاہد بھی موجود تھے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیالکوٹ اسٹیلینز پی ایس ایل میں جدید فیچرز متعارف کرانے، کرکٹ کے فروغ اور کھیل کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
الفا اوزی اسپورٹس کی چیئرپرسن صبیحہ سلطان نے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ادارہ مستقبل میں خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرے گا۔ تاکہ پاکستان میں خواتین کو کھیل کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ، کرکٹر صاحبزادہ فرحان نے اہم سنگ میل عبور کر لیا
انہوں نے سیالکوٹ اسٹیلینز کے اس اقدام کو لیگ اور پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند پیشرفت قرار دیا۔
