ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سنسنی خیز میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو دوسرے سپر اوور میں 4 رنز سے شکست دے دی۔24 رنز ہدف کے تعاقب میں افغانستان 19 رنز بنا سکا،افغانستان کے بیٹر رحمان اللہ گرباز نے تین گیندوں پر 3 چھکے لگائے۔
احمد آباد میں کھیلےگئے میچ کا ٹاس افغانستان نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقا نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم 187 رنز پر آئوٹ ہوگئی ۔اس طرح میچ ٹائی ہوگیا۔

سپر اوور میں افغانستان نے 17 رنز بنائے جواب میں جنوبی افریقا بھی 17 رنز بنا سکی جس کے بعد میچ کا فیصلہ دوسرے سپر اوور میں ہوا۔
جنوبی افریقا نے 23 رنز بنائے جواب میں افغانستان کی ٹیم 19 رنز بنا پائی اس طرح جنوبی افریقا نے یہ سنسنی خیز میچ 4 رنز سے جیت لیا۔شکست کےبعد افغان تماشائیوں کے چہرے مرجھا گئے۔

افغانستان کے رحمان اللہ گرباز نے ٹی20 ورلڈ کپ میں افغانستان کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔گرباز نے جنوبی افریقا کے خلاف 7 چھکے لگا کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
اس کامیابی کے بعد جنوبی افریقا کی ٹیم گروپ فور کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگئی،نیوزی لینڈ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
