متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل نے رمضان المبارک 2026 کے لیے صدقۂ فطر، فدیہ اور دیگر شرعی ادائیگیوں کی سرکاری رقوم مقرر کر دی ہیں۔
یہ فیصلے وزارتِ اقتصادیات اور سیاحت کے تعاون سے کی گئی فیلڈ پرائس اسٹڈی کے بعد جاری کیے گئے۔
کونسل کے اعلامیے کے مطابق صدقۂ فطر فی شخص 2.5 کلو چاول یا اس کی نقد قیمت 25 درہم مقرر کی گئی ہے۔
روزہ نہ رکھ سکنے والے افراد کے لیے فدیہ ایک مسکین کو 3.25 کلو گندم یا 20 درہم فی دن کے حساب سے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ فدیہ کھانا کھلانے کی صورت میں بھی یہی رقم لاگو ہوگی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ رمضان کا روزہ جان بوجھ کر توڑنے کا فدیہ 1,200 درہم مقرر ہے جو 60 مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے گا۔ حج یا عمرہ کے دوران کسی ممنوعہ عمل کے ارتکاب پر فدیہ 120 درہم ہوگا جو چھ مستحقین کو دیا جائے گا۔
کونسل نے ایک افطار کھانے کی کم از کم قیمت 20 درہم بھی مقرر کی ہے۔
پاکستان میں پہلا روزہ کب ہوگا؟ نئی پیش گوئی سامنے آ گئی
ترجمان فتویٰ کونسل کا کہنا ہے کہ ہر صاحبِ حیثیت مسلمان مرد اور عورت پر صدقۂ فطر ادا کرنا واجب ہے۔ زکوٰۃ الفطر رمضان المبارک میں مستحقین کو دی جاتی ہے اور اس کی ادائیگی رمضان کے دوران عیدالفطر کی نماز سے پہلے تک کی جا سکتی ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی ادائیگیاں زکوٰۃ فنڈ، امارات ریڈ کریسنٹ اور متحدہ عرب امارات میں تسلیم شدہ خیراتی اداروں کے ذریعے انجام دیں۔
