پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی نے افغان وکٹ کیپر بیٹر رحمان اللہ گرباز کی ڈائریکٹ سائننگ سے متعلق وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ مکمل طور پر قواعد و ضوابط کے مطابق کیا گیا۔
پشاور زلمی انتظامیہ کے مطابق گرباز کو اس وقت سائن کیا گیا جب انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور افغانستان کرکٹ بورڈ دونوں کی جانب سے مکمل این او سی موصول ہو چکا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ انتخاب کے وقت وہ آفیشل لسٹ میں دستیاب بہترین آپشنز میں شامل تھے اور ان کی شمولیت مقررہ طریقہ کار کے مطابق کی گئی۔
فرنچائز کا کہنا ہے کہ گرباز کی سائننگ خالصتاً پیشہ ورانہ اور کرکٹ بنیادوں پر کی گئی، جو پی ایس ایل قواعد، پی سی بی ہدایات اور ایچ بی ایل پی ایس ایل فریم ورک کے مطابق ہے۔ ٹیم کے مطابق اس فیصلے میں میرٹ، ٹیم کی ضروریات اور ضابطہ کار کے علاوہ کسی اور عنصر کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی کی جانب سے گرباز کی شمولیت پر سوشل میڈیا پر تنقید بھی سامنے آئی تھی، جس کے بعد فرنچائز نے باضابطہ وضاحت جاری کی۔
🚨 𝐎𝐟𝐟𝐢𝐜𝐢𝐚𝐥 𝐒𝐭𝐚𝐭𝐞𝐦𝐞𝐧𝐭 𝐟𝐫𝐨𝐦 𝐏𝐞𝐬𝐡𝐚𝐰𝐚𝐫 𝐙𝐚𝐥𝐦𝐢 𝐑𝐞𝐠𝐚𝐫𝐝𝐢𝐧𝐠 𝐑𝐞𝐜𝐞𝐧𝐭 𝐃𝐢𝐫𝐞𝐜𝐭 𝐒𝐢𝐠𝐧𝐢𝐧𝐠 ✍️ 🚨 #Zalmi #YellowStorm pic.twitter.com/ru1Me37qcm
— Peshawar Zalmi (@PeshawarZalmi) February 7, 2026
دوسری جانب رحمان اللہ گرباز نے ذاتی مصروفیات کے باعث پی ایس ایل کے آئندہ سیزن میں عدم دستیابی کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنے شیڈول اور افغانستان میں فلاحی سرگرمیوں پر توجہ دینے کو اس فیصلے کی وجہ قرار دیا۔
پشاور زلمی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وہ اپنی آئندہ ڈائریکٹ سائننگ کا اعلان مناسب وقت پر کرے گی۔ فرنچائز کے مطابق ان کا مقصد پی ایس ایل برانڈ کو مضبوط بنانا، پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں کردار ادا کرنا اور لیگ کو عالمی سطح پر مزید نمایاں بنانا ہے۔
