سری لنکا کے بعد اب اماراتی کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظرِ ثانی کرنے کی درخواست کردی ہے، جس سے اس معاملے نے ایک نئی صورت اختیار کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق اماراتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے باقاعدہ رابطہ کیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ سے متعلق فیصلہ کرکٹ کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جانا چاہیے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ، انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیپال کو شکست دیدی
ذرائع کا کہنا ہے کہ اماراتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ 15 فروری کے مجوزہ میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر ایک بار پھر غور کرے اور ایسا راستہ اختیار کرے جو کھیل کے فروغ اور عالمی سطح پر کرکٹ کے مثبت تاثر کے لیے بہتر ہو۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کرکٹ بورڈ بھی اسی نوعیت کی درخواست کر چکا ہے۔ سری لنکا نے پاکستان سے اپیل کی تھی کہ وہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرِ ثانی کرے، کیونکہ پاک بھارت مقابلہ دنیا بھر میں کرکٹ کا سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا میچ سمجھا جاتا ہے۔بائیکاٹ سے سری لنکا کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
کرکٹ ماہرین کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ نہ ہونے کی صورت میں ٹورنامنٹ کی مقبولیت اور مالی پہلو بھی متاثر ہو سکتے ہیں، اسی لیے مختلف کرکٹ بورڈز اس معاملے پر محتاط رویہ اختیار کرنے کی تجویز دے رہے ہیں۔
