ملتان سلطانز کی نیلامی کے لئے پی سی بی کو 6 درخواستیں موصول ہوگئیں ،پی ایس ایل مینجمنٹ نے 6 بڈز کی وصولی کی تصدیق کر دی۔
موصول ہونے والی تمام درخواستوں کے تکنیکی جائزے کا عمل جاری ہے،پی سی بی جلد ملتان سلطانز کی نیلامی کے بارے میں حتمی تاریخ کا اعلان کرے گا۔
یاد رہے پی سی بی نے 14 جنوری کو ملتان سلطانز کی نیلامی کا اشتہار دیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کی دوبارہ فروخت کے اعلان کے بعد سابق مالک علی ترین کا ردِعمل سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
علی ترین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک طنزیہ پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے جمنگ کرتے ہوئے اپنی تصویر کے ساتھ مختصر مگر گہرا پیغام دیا۔
اپنی پوسٹ میں علی ترین نے لکھا کہ ’’جب آپ کو پتہ چلے کہ آپ کی ایکس دوبارہ شادی کر رہی ہے‘‘ ان کے اس جملے کو صارفین نے ملتان سلطانز کی دوبارہ فروخت سے جوڑتے ہوئے مزاحیہ اورعلامتی قرار دیا۔
پوسٹ کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پرتبصروں اور ری ایکشنز کا سلسلہ شروع ہو گیا، جہاں مداحوں اور صارفین نے مختلف انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
