اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے حکومتی فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے اسے موجودہ حالات کے تناظر میں درست اور قابل فہم قرار دیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ وہ ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ کرکٹ بعض اوقات سیاسی کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کر سکتی ہے۔ تاہم موجودہ صورتحال میں پاکستان کا یہ فیصلہ سمجھ میں آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنا اگرچہ افسوسناک ہے۔ لیکن وہ اس معاملے میں حکومت کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شاہد آفریدی نے اس موقع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے کردار پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے کے لیے ایک اہم امتحان ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو صرف بیانات تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ بلکہ عملی اقدامات سے ثابت کرنا ہو گا۔ کہ وہ ایک غیر جانبدار، خودمختار ادارہ ہے۔ جو تمام رکن ممالک کے ساتھ یکساں سلوک کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز کو دھچکا ، اہم غیر ملکی کھلاڑی ڈیوڈ ویسا پی ایس ایل 11 سے دستبردار
سابق کپتان نے بنگلا دیش کے معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش نے بھارت میں سیکیورٹی خدشات کے باعث آئی سی سی سے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔، تاہم آئی سی سی نے اس مسئلے کے حل کے بجائے ٹورنامنٹ میں اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔
